مہر خبررساں ایجنسی، ثقافتی ڈیسک: تاریخ امامت میں امام حسن عسکریؑ کی زندگی امامت، سیاسی دباؤ، فکری چیلنجز اور مستقبل کے دورِ غیبت کے درمیان ایک اہم مرحلے کی عکاسی کرتی ہے۔ آپؑ نے صرف چھ سال منصب امامت سنبھالا، لیکن اس مختصر عرصے میں ایک وسیع شیعہ معاشرے کی فکری اور دینی رہنمائی کی اور اسے اس دور کے لیے تیار کیا جب امام وقت ظاہری طور پر لوگوں کے درمیان موجود نہیں ہوں گے۔
امام حسن عسکریؑ نے 22 سال کی عمر میں منصب امامت سنبھالا اور 28 سال کی عمر میں شہید ہوئے۔ چھ سالہ دور امامت ائمہ اہل بیتؑ میں مختصر ترین ادوار میں شمار ہوتا ہے، تاہم اس مختصر مدت میں آپؑ کو شیعہ معاشرے کے متعدد فکری، اعتقادی اور سیاسی چیلنجز کا سامنا رہا۔
اس وقت تک تقریباً 250 سالہ دور امامت گزر چکا تھا اور شیعہ معاشرہ صرف محدود اور منتشر گروہ تک نہیں رہا تھا بلکہ قم، بغداد، اہواز، نیشاپور، سیستان اور دیگر علاقوں میں پھیل چکا تھا۔ شیعہ آبادی کے پھیلاؤ کے ساتھ مختلف فکری و اعتقادی انحرافات بھی سامنے آئے۔ واقفیہ، اسماعیلیہ اور زیدیہ جیسے گروہ امامت کے حوالے سے مختلف نظریات پیش کر رہے تھے، جس کے باعث شیعہ معاشرے کو فکری رہنمائی اور اعتقادی حدود کے تعین کی زیادہ ضرورت تھی۔
امام حسن عسکریؑ اس اعتبار سے ایک منفرد دور کے امام تھے کہ آپؑ آخری امام تھے جن کی شیعہ براہ راست زیارت کرسکتے تھے۔ آپؑ کی شہادت کے بعد بارہویں امام حضرت مہدیؑ کی غیبت کا دور شروع ہوا۔ اسی لیے امام عسکریؑ کا دور امامت کے حضور اور غیبت کے درمیان ایک تاریخی مرحلہ قرار پاتا ہے۔
امام مہدیؑ کا تعارف اور حفاظت
امام حسن عسکریؑ صرف غیبت سے قبل آخری ظاہری امام ہی نہیں بلکہ اس امام کے والد بھی تھے جس کے ظہور کا انتظار صدیوں سے شیعہ ثقافت کا حصہ ہے۔ سابق ائمہؑ کے زمانے میں حضرت مہدیؑ اور ان کی غیبت کے بارے میں متعدد روایات اور بیانات موجود تھے، تاہم امام عسکریؑ کے دور میں یہ تاریخی وعدہ آپؑ کے فرزند کی ولادت کے ساتھ عملی صورت اختیار کرگیا۔
اسی وجہ سے امام حسن عسکریؑ کی اہم ذمہ داریوں میں اپنے فرزند کی شناخت کو ثابت کرنا اور ان کی حفاظت کرنا بھی شامل تھا۔ عباسی حکومت حضرت مہدیؑ کی اہمیت اور مستقبل کے کردار سے واقف تھی، جس کے باعث امام عسکریؑ اور ان کے خاندان کے لئے حالات مزید مشکل ہوگئے تھے۔
سامرا امام عسکریؑ کے لیے محض رہائش کی جگہ نہیں تھی بلکہ وہ شہر تھا جہاں آپؑ کی زندگی کا بڑا حصہ عباسی حکومت کی نگرانی اور پابندیوں میں گزرا۔ عوام سے براہ راست رابطہ محدود تھا اور آزادانہ طور پر معاشرے میں آنا جانا ممکن نہیں تھا، تاہم ان حالات نے امام کی دینی و علمی رہنمائی کے سلسلے کو ختم نہیں کیا۔
براہ راست ملاقاتوں میں مشکلات کے باعث خطوط امام حسن عسکریؑ اور شیعہ معاشرے کے درمیان رابطے کا ایک اہم ذریعہ بن گئے۔ مختلف منابع میں امام عسکریؑ کے تقریباً 140 خطوط کا ذکر ملتا ہے جن میں اعتقادی، اخلاقی، سماجی اور سیاسی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر رہنمائی موجود ہے۔
ان خطوط میں قم، آوہ اور نیشاپور کے شیعوں سے رابطے کے شواہد بھی ملتے ہیں۔ یہ مکاتبات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ جغرافیائی فاصلے اور حکومتی پابندیاں امام اور آپؑ کے پیروکاروں کے درمیان رابطے کو مکمل طور پر ختم نہیں کرسکیں۔
خط و کتابت کے ساتھ ساتھ وکالت کا نظام بھی شیعہ معاشرے اور امام کے درمیان رابطے کا منظم ذریعہ تھا۔ مختلف شہروں میں امام کے وکلا لوگوں اور امام کے درمیان رابطہ قائم کرتے، پیغامات منتقل کرتے، شیعوں کے مسائل امام تک پہنچاتے اور متعلقہ مالی و سماجی امور کو منظم کرتے تھے۔
احمد بن اسحاق اشعری قمی اس وکالتی نظام کے معروف افراد میں شمار ہوتے ہیں۔ روایات کے مطابق ان کا امام عسکریؑ سے قریبی رابطہ تھا اور ایک ملاقات کے دوران انہوں نے امام کے کم سن فرزند حضرت مہدیؑ کو دیکھا۔ روایات میں اس واقعے کو امام عسکریؑ کے قابل اعتماد اصحاب کے سامنے حضرت مہدیؑ کے تعارف کے طور پر بیان کیا گیا ہے۔
وکالت کا یہ نظام صرف اس وقت کی مواصلاتی پابندیوں سے نمٹنے کا ذریعہ نہیں تھا بلکہ اس نے شیعہ معاشرے کو اس دور کے لیے بھی تیار کیا جب امام سے رابطہ سابقہ طریقے پر ممکن نہیں رہنا تھا۔
امام حسن عسکریؑ کی میراث صرف اپنے جانشین کے تعارف یا شیعہ معاشرے کے انتظام تک محدود نہیں تھی۔ آپؑ کی تعلیمات میں شیعہ ہونا محض ایک شناخت نہیں بلکہ ایک ذمہ داری قرار پاتا ہے۔
استاد حوزه علمیہ قم نے عباسی حکومت کی جانب سے امام عسکریؑ پر سختیوں کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ امام کا مقام عباسی حکومت کے لیے باعث تشویش تھا۔ آپؑ کا علمی مقام، اخلاقی و معنوی فضائل اور لوگوں، خصوصاً شیعوں میں اثر و رسوخ، ان عوامل میں شامل تھا جن کی وجہ سے عباسی حکومت آپؑ کے مقام سے فکرمند تھی۔
حجت الاسلام محدثی نے کہا کہ امام کی علمی شہرت، شیعوں میں آپؑ کا مقام اور خاندان اہل بیتؑ سے لوگوں کی محبت کے باعث عباسی حکومت آپؑ کی سماجی اور علمی حیثیت کے بارے میں حساس تھی۔
انہوں نے کہا کہ خلافت عباسی کی جانب سے عائد پابندیاں امام اور علما و راویوں کے درمیان علمی رابطے کو مکمل طور پر ختم نہیں کرسکیں اور امام کی تعلیمات کا ایک اہم حصہ آپؑ کے اصحاب اور راویوں کے ذریعے بعد کی نسلوں تک منتقل ہوا۔
استاد حوزہ نے کہا کہ امام حسن عسکریؑ نے سیاسی دباؤ اور مسلسل نگرانی کے باوجود اپنی علمی و دینی ذمہ داریاں ادا کیں اور اعتقادی، تفسیری اور فقہی موضوعات میں شیعوں کی رہنمائی اور ان کے سوالات کے جوابات کا سلسلہ جاری رکھا۔ امام حسن عسکریؑ سے منقول روایات، خطوط، جوابات اور آپؑ کے اصحاب و شاگردوں سے متعلق تاریخی واقعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بنی عباس کی سیاسی پابندیاں آپؑ کے علمی مقام اور آپؑ کے معارف کی شیعہ معاشرے تک منتقلی کو روکنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں۔
اس تصور کے مطابق حقیقی شیعہ وہ نہیں جو صرف اپنے آپ کو شیعہ کہلائے بلکہ اس کے ایمان کے آثار اس کے عملی اور سماجی کردار میں بھی ظاہر ہونے چاہئیں۔ دوسروں کو اپنے اوپر ترجیح دینا، ضرورت مندوں کی مدد کرنا، لوگوں کا بوجھ کم کرنا، سچائی، امانت داری اور احکام الٰہی کی پابندی اس کردار کا حصہ ہیں۔
موجودہ دور میں بھی ضرورت مند خاندانوں کی مدد، نوجوانوں کی شادی کے اخراجات میں تعاون، مقروض خاندانوں کی مدد اور مشکلات میں گھرے افراد کا ساتھ دینا اسی تعلیم کا سماجی اظہار قرار دیا جاسکتا ہے جس میں خدا پر ایمان کے ساتھ لوگوں کی خدمت کو بھی اہم مقام حاصل ہے۔
امام عسکریؑ؛ شیعہ معاشرے کے علمی و فکری مرکز
حوزہ علمیہ قم کے استاد حجت الاسلام والمسلمین جواد محدثی نے مہر نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے امام حسن عسکریؑ کے دور کے فکری و اعتقادی حالات کی طرف اشارہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ امام عسکریؑ کا دور فکری، اعتقادی اور کلامی اختلافات کے اعتبار سے ایک حساس دور تھا اور مخالفین اسلام کی جانب سے مختلف شبہات بھی معاشرے میں پھیلائے جارہے تھے۔
ان کے مطابق امام حسن عسکریؑ مکتب اہل بیتؑ کے نگہبان اور دینی معارف کے مدافع کی حیثیت سے انحرافات اور فکری تحریکوں سے لاتعلق نہیں رہ سکتے تھے، اسی لیے آپؑ نے دینی معارف کی وضاحت اور شبہات کے جواب کے ذریعے معاشرے کی فکری رہنمائی کی۔
حجت الاسلام محدثی نے کہا کہ اس دور میں قرآن سے متعلق بھی بعض شبہات اٹھائے گئے اور کچھ فکری حلقوں نے قرآن میں بظاہر تضادات کے حوالے سے سوالات اور اعتراضات پیش کیے۔ امام عسکریؑ نے ایسے مسائل کے مقابلے میں علمی اور منطقی انداز اختیار کیا اور درست دینی فہم واضح کیا۔
امام عسکریؑ نے جعل حدیث کا مقابلہ کیا
استاد حوزه علمیہ قم نے امام عسکریؑ کے دور کے ایک اور فکری چیلنج کے طور پر حدیث سازی کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق اس زمانے میں بعض افراد ائمہ شیعہ کی طرف من گھڑت اقوال منسوب کرکے لوگوں کے افکار کو متاثر کرنے کی کوشش کرتے تھے۔ امام حسن عسکریؑ نے ایسے اقدامات کے مقابلے میں خاموشی اختیار نہیں کی بلکہ منحرف گروہوں کی نشاندہی کی اور شیعوں کو جعلی روایات اور گمراہ کن مواد سے متاثر نہ ہونے کی ہدایت کی۔
انہوں نے امام عسکریؑ کے علمی مقام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ عباسی حکومت کی سخت پابندیوں کے باوجود علما اور راویوں کا آپؑ سے رابطہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوا اور مختلف مواقع پر امام کے علوم اور معارف کو حاصل کرنے اور انہیں محفوظ کرنے کا سلسلہ جاری رہا۔
راویوں نے امام کی علمی میراث محفوظ کی
حجت الاسلام محدثی کے مطابق امام حسن عسکریؑ کے اصحاب اور راویوں نے آپؑ کے اقوال اور معارف کو حاصل کرکے بعد کی نسلوں تک منتقل کیا اور اس طرح امام کی علمی، فقہی اور کلامی میراث محفوظ رہی۔ امام عسکریؑ کے متعدد راویوں اور اصحاب کی موجودگی اس امر کی نشاندہی کرتی ہے کہ آپؑ کا علمی مقام نمایاں تھا اور شیعہ معاشرے نے آپؑ کے علمی ورثے کو محفوظ رکھنے پر خصوصی توجہ دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ائمہ اہل بیتؑ ہر دور میں علم و فضیلت کے اعتبار سے ممتاز مقام رکھتے تھے اور امام حسن عسکریؑ بھی اپنے زمانے میں علم، زہد، عقل، عصمت، شجاعت، کرامت اور عبادت جیسی صفات کے حوالے سے نمایاں شخصیت تھے۔
استاد حوزه علمیہ قم نے امام عسکریؑ کی علمی میراث کے حوالے سے کہا کہ آپؑ سے مختلف فقہی مسائل کے بارے میں احادیث اور جوابات نقل ہوئے ہیں۔ مختلف افراد اور گروہوں کے نام لکھے گئے خطوط اور رسائل میں بھی علمی، اعتقادی اور حکمت سے متعلق متعدد مباحث موجود ہیں۔ یہ مکتوبات اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ سیاسی پابندیوں کے باوجود امام حسن عسکریؑ نے شیعہ معاشرے کے ساتھ اپنے علمی اور دینی رابطے کو برقرار رکھا۔
عباسی حکومت کی نگرانی اور سختیاں
حجت الاسلام محدثی نے امام حسن عسکریؑ کے سیاسی حالات کے بارے میں کہا کہ عباسی خلافت نے آپؑ کے علوم و فضائل کے پھیلاؤ کو محدود کرنے کے لیے امام کے عوام اور شیعوں کے ساتھ رابطوں پر پابندیاں عائد کر رکھی تھیں۔ امام عسکریؑ اپنے والد امام ہادیؑ کی حیات ہی سے سامرا میں عباسی حکومت کی نگرانی میں تھے اور امام اور ان کے خاندان کے خلاف حکومتی سختیاں جاری رہیں۔ امام عسکریؑ نے اپنے دورِ امامت کا ایک بڑا حصہ نگرانی، سیاسی دباؤ اور محدودیت کے ماحول میں گزارا اور شیعوں کے ساتھ آپؑ کے روابط بھی حکومتی نگرانی میں رہے۔
حجت الاسلام محدثی نے کہا کہ امام عسکریؑ کی مختصر عمر ایسے دور میں گزری جس میں عباسی اقتدار کے ڈھانچے میں مسلسل تبدیلیاں آرہی تھیں، لیکن ان حالات کے باوجود آپؑ نے اپنی علمی اور دینی ذمہ داریاں جاری رکھیں۔
آپ کا تبصرہ